Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

قومی کرکٹرز سے رشوت لینے والے پولیس اہلکار گرفتار

قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی صہیب مقصود اور عامر یامین سے رشوت لینے والے سندھ پولیس کے اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

گزشتہ روز کراچی میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کا میچ کھیلنے کے بعد قومی کرکٹرز صہیب مقصود اور عامر یامین کراچی سے بذریعہ روڈ ملتان جارہے تھے کہ اس دوران سندھ پولیس کی جانب سے انہیں متعدد بار روکا گیا اور ان سے رشوت طلب کی گئی، یہاں تک کہ کھلاڑیوں کو پولیس اسٹیشن لے جانے کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔

 ترجمان سندھ پولیس کے مطابق آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ نے قومی کرکٹر عامر یامین اور صہیب مقصود کی ٹوئٹس پر نوٹس لے لیا اور ڈی آئی جی شہید بے نظیرآباد کو فوری تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے جب کہ آئی جی سندھ نے کہا کہ واقعے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

https://twitter.com/sohaibcricketer/status/1729219848230613220

دوسری جانب قومی کرکٹرز صہیب مقصود اور عامر یامین سے رشوت لینے کے جرم میں سندھ پولیس کے 4 اہلکاروں کو گرفتار کرنے کے بعد لاک اپ کردیا گیا ہے۔

ایس ایس پی شہید بینظیر آباد حیدر رضا  کے مطابق گرفتار پولیس اہلکاروں میں اللہ ڈنو جمالی، اختر علی انڑ، گلزار علی زرداری اور ممتاز علی زرداری شامل ہیں جب کہ گرفتار پوليس اہلکاروں پر مقدمہ بھی درج کر رہے ہیں۔

صہیب مقصود نے بول نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہم کراچی میں میچ کھیلنے کے بعد پہلی باربذریعہ سڑک ملتان سے کراچی آرہےتھے، پولیس اہلکاروں نے 15 سے 20 ہزارروپے کا مطالبہ کیا جس پر میں نے 8  ہزار روپے دے کراپنی جان چھڑائی۔

انہوں نے کہا کہ چند اہلکاروں کی وجہ سے پورا محکمہ بدنام ہوتا ہے، ایسے واقعات نہیں ہونے چاہئیں، اس واقعے کو منظرعام پر لانا تھا تاکہ ایسے لوگوں کی نشاندہی ہو اور میرے ٹوئٹ کرنے سے ایسے واقعات میں کمی آتی ہے تواچھی بات ہے۔

واضح رہے کہ نیشنل ٹی 20 کپ میں صہیب مقصود اور عامر یامین ملتان ریجن کی نمائندگی کر رہے تھے۔

متعلقہ خبریں