سابق ویسٹ انڈین کپتان اور لیجنڈری بلے باز برائن لارا نے بھارت کے نوجوان بیٹر شبمن گل کے حوالے سے بڑی پیشگوئی کردی۔
برائن لارا کا کہنا ہے کہ بھارت کے نوجوان بلے باز شبمن گل نئی نسل کے سب سے با صلاحیت کھلاڑی ہیں، یہں تک کہ شبمن گل ٹیسٹ کرکٹ میں میرا 400 اور 501 رنز پر ناٹ آؤٹ کا ریکارڈ بھی توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان نے کہا کہ شبمن گل میرے دونوں ریکارڈز توڑ سکتا ہے، آنے والے سالوں میں شبمن گل کی حکمرانی ہو گی، میرا یقین ہے کہ وہ میرے بڑے ریکارڈز توڑ دیں گے کیوں کہ شبمن گل شاندار انداز میں بیٹنگ کرتے ہیں، ان کے چارج کرنے کا انداز ناقابل یقین ہے۔
خیال رہے کہ سابق کپتان برائن لارا نے ٹیسٹ میں ریکارڈ 401 ناٹ آؤٹ رنز بنائے تھے ، انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں ریکارڈ 501 رنز ناٹ آؤٹ بھی بنائے تھے۔
شبمن گل بھارت کے تینوں فارمیٹ میں سنچریز بنانے والے کم عمر ترین کرکٹر ہیں، اس کے علاوہ شبمن ون ڈے میں ڈبل سنچری بنانے والے دنیا کے کم عمر ترین بیٹر ہیں جب کہ انہوں نے حالیہ ورلڈکپ کے دوران دو سال سے زائد عرصے تک ون ڈے کرکٹ پر حکمرانی کرنے والے قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم سے بھی پہلی پوزیشن چھین لی تھی۔


















