سابق بھارتی فاسٹ بولر سری سانتھ نے اپنی ہی ٹیم کے سابق اوپنر گوتم گمبھیر پر تنقید کے نشتر چلادیئے۔
سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر سابق بھارتی کھلاڑی کی ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس میں سابق بھارتی فاسٹ بولر اپنے ہم وطن گوتم گمبھیر کو مسٹر فائٹر قرار دیتے ہوئے الزام عائد کیا کہ وہ ہمیشہ اپنے ہی کھلاڑیوں سے لڑتے دیکھائی دیتے ہیں۔
بھارت میں جاری لیجنڈز لیگ کے دوران گجرات جائنٹس اور انڈیا کیپٹلز کے درمیان کھیلے گئے میچ میں گمبھیر نے سری سانتھ کو دو باؤنڈریاں لگانے کے بعد فاسٹ بولر نے اگلی گیند پر ردعمل کا اظہار کیا جس پر گوتم گمبھیر کو غصہ آگیا اور وہ گالیوں پر اتر آئے۔
Heated conversation between Gautam gambhir and S srisanthpic.twitter.com/s1TYGs0UDo
— Ankit Verma (@TechAndCricket) December 7, 2023
سری سانتھ نے انسٹاگرام لائیو سیشن کے دوران جھگڑے کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گوتم گمبھیر ہمیشہ ساتھی کھلاڑیوں سے لڑتے ہیں اور وہ وریندر سہواگ سمیت کسی بھی کھلاڑی کی عزت نہیں کرتے جب کہ میدان میں انہوں نے میرے خلاف جن الفاظ کا استعمال کیا جو بدتمیزی کے زمرے میں آتا ہے۔
فاسٹ بولر نے کہا کہ گوتم گمبھیر نے میرے لیے کن الفاظ کا استعمال کیا وہ جلد ہی سب کو معلوم ہوجائے گا تاہم میں وہ الفاظ یہاں نہیں دہراسکتا اور انہوں نے جو الفاظ استعمال کیے اور کرکٹ کے میدان میں جو باتیں کہی، وہ قابل قبول نہیں کیوں کہ وہ مجھے نیچا دکھانے کی کوشش کررہے تھے۔
سری سانتھ نے مزید کہا کہ اگر آپ اپنے ہی ساتھیوں کا احترام نہیں کرتے تو لوگوں کی نمائندگی کرنے کا فائدہ نہیں ہے۔ یہاں تک کہ براڈ کاسٹنگ میں جب ان سے ویرات کوہلی کے بارے میں پوچھا جاتا ہے تو وہ ان کی تعریف کے بجائے بات کو گھمادیتے ہیں۔


















