افغانستان ٹیم کے اوپننگ بلے باز رحمان اللہ گرباز نے انکشاف کیا ہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ میں افغانستان کے خلاف غیر متوقع ہار کے بعد بابراعظم کی آنکھوں میں آنسو آگئے تھے۔
ایک انٹریو میں افغان ٹیم کے اوپنر رحمان اللہ گرباز نے کہا کہ بابراعظم سے بیٹ دینے کی درخواست کرنے کے بعد مجھے ان کے جذبات کا اندازہ ہوگیا تھا لیکن میں بابراعظم سے ملاقات کے اُس لمحے کو نہیں بھول سکتا۔
انہوں نے کہا کہہم نے پہلی بار پاکستان کو ون ڈے فارمیٹ میں شکست دی تھی اور یادگار کے طور پر پاکستانی کپتان سے بیٹ مانگا تھا تاہم جب بیٹ لیا تو وہ بہت مایوس تھے جب کہ میں آج یہ بتانا چاہتا ہوں کہ اس شکست کے بعد بابراعظم کی آنکھوں میں آنسو تھے اور ایسا لگ رہا تھا کہ وہ ابھی رو دیں گے۔
افغان اوپنر کا کہنا تھا کہ شکست کے بعد ہر کوئی بابراعظم کے خلاف ہوگیا تھا، لیکن میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں۔ وہ ثابت قدم رہے اور ہمت نہیں ہاری، وہ موجودہ دور کے بہترین کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
واضح رہے کہ رحمان اللہ گرباز کو قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے میچ کے بعد اپنا بیٹ تحفے میں دیدیا تھا، جس کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔
آئی سی سی ورلڈکپ میں قومی ٹیم سیمی فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہی تھی، بعدازاں ناقص پرفارمنس کا اعتراف کرتے ہوئے بابراعظم نے تینوں فارمیٹ سے قومی ٹیم کی قیادت کے فرائض سے مستعفیٰ ہوگئے تھے۔


















