Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امید ہے آسٹریلیا کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میں پرتھ والی غلطیاں نہیں دہرائیں گے، سعود شکیل

پاکستان کے مڈل آرڈر نوجوان بلے باز سعود شکیل کا کہنا ہے کہ امید ہے آسٹریلیا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پرتھ ٹیسٹ والی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔ 

میلبرن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز سعود شکیل نے کہا کہ پرتھ ٹیسٹ کے پہلے روز بولنگ اچھی نہیں ہوئی، پرتھ ٹیسٹ میں پہلی اننگز میں زیادہ رن بنے، جس کی وجہ سے میچ ہمارے ہاتھ سے نکل گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کی کنڈیشن میں ہمارے پاس بولرز نئے تھے اور ایسے میں انہیں اس ماحول میں ایڈجسٹ ہونے میں وقت لگا، تاہم میلبرن کی پچ دیکھ کر پاکستان جیسا احساس ہو رہا ہے، امید ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں پرتھ ٹیسٹ والی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔

نوجوان فاسٹ بولر کی پہلے ہی ٹیسٹ میں انجری سے متعلق انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے خرم شہزاد انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے تاہم میر حمزہ اور حسن علی کے پاس اچھا موقع ہے کہ وہ خود کو ثابت کریں۔

حال ہی میں ٹیسٹ کرکٹ میں منفرد ریکارڈ اپنے نام کرنے والے نوجوان بیٹر کا کہنا تھا کہ بابر اعظم ورلڈ کلاس بیٹر ہے، اس وقت وہ آؤٹ آف فارم ہیں لیکن ایک اننگز سے کم بیک کر سکتے ہیں، امید ہے میلبرن میں بابر اچھی اننگز کھیل کر فارم واپس لائیں گے۔

خیال رہے کہ سعود شکیل نے حال ہی میں  ٹیسٹ کرکٹ کا منفرد ریکارڈ قائم کیا۔ آسٹریلیا کے خلاف پرتھ ٹیسٹ کے دوران کیریئر کی ابتدائی 15 اننگز میں ہر بار 20 رنز بنانے والے دنیا کے واحد بلے باز بن گئے، قومی کرکٹر نے یہ سنگ میل پرتھ ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں عبور کیا۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے ایورٹن ویکس نے مسلسل 14 اننگز میں 20 یا زائد رنز بنائے تھے۔

سعود شکیل نے مزید کہا کہ پرتھ میں ڈراپ ان پچ تھی اس پر وہ پہلی بار کھیلے اور سیکھنے کا موقع ملا، امید ہے کہ میلبرن ٹیسٹ میں پرتھ والی غلطیاں نہیں دہرائیں گے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا کو پاکستان کے خلاف تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں0-1 کی برتری حاصل ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ خبریں