Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سال 2023 میں شادی کرنے والے قومی کرکٹرز

سال 2023 میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیشتر کھلاڑی شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ 

رواں سال شادی کرنے والے کھلاڑیوں میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق نائب کپتان شاداب خان کے علاوہ موجودہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی بھی شامل ہیں۔

شان مسعود

ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کے بعد تینوں فارمیٹس کی کپتانی سے دستبردار ہونے والے بابراعظم کے بعد ٹیسٹ قیادت حاصل کرنے والے شان مسعود نے پشاور سے تعلق رکھنے والی نش خان سے 21 جنوری 2023 کو نکاح کیا جس کی تصاویر اور ویڈیوز خوب وائرل ہوئی تھیں۔

شان مسعود کا اپنی اہلیہ سے متعلق کہنا تھا کہ وہ پہلی بار نش خان سے لاہور میں ملے تھے اور بعد ازاں وہ دوست بن گئے اور یہ دوستی شادی میں بدل گئی۔

شاہین آفریدی 

بابراعظم کے استعفیٰ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے شاہین شاہ آفریدی کو ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کی قیادت سونپی۔  قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے سابق اسٹار آل راؤنڈر  شاہد آفریدی کی  صاحبزادی انشا آفریدی  سے شادی کی ۔ جس کی تقریب 19 ستمبر کو کراچی میں منعقد ہوئی تھی۔ دونوں کا نکاح فروری 2023 میں ہوا تھا۔

شاداب خان

قومی ٹیم کے سابق نائب کپتان اور آل راؤنڈر شاداب خان نے 24 جنوری 2023 کو سابق لیجنڈری اسپنر ثقلین مشتاق کی بیٹی سے  نکاح کیا تھا۔ نکاح کی تقریب سے لے کر شادی کی تقریب بھی نجی رکھی گئی تھی جس میں ان کی اہلیہ سے متعلق کسی قسم کی معلومات یا تصاویر شیئر نہیں کی گئی تھی۔

حارث رؤف

7 جولائی 2023 کو پاکستانی کرکٹر حارث رؤف اور ماڈل مزنا مسعود شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔ شادی کی تقریب لاہور میں انتہائی سادگی سے منعقد کی گئی، جس میں قریبی رشتے داروں اور دوستوں کو مدعو کیا گیا تھا۔

 

امام الحق

رواں سال کے آخر میں 26 نومبر 2023 میں اوپنر بلے باز امام الحق اپنی قریبی دوست انمول محمود کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھ گئے تھے۔

امام الحق نے انسٹاگرام پر نکاح کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے انمول محمود کو جیون ساتھی ہونے کے ساتھ بہترین دوست قرار دیا تھا۔

فہیم اشرف

امام الحق کی شادی کے دنوں میں ہی پنجاب کے شہر پھول نگر میں آل راؤنڈر فہیم اشرف نے بھی شادی کرلی تھی۔ فہیم اشرف کی شادی نارووال کے رانا شبیر کی صاحبزادی سے ہوئی تھی۔

متعلقہ خبریں