بھارتی حکومت نے حال ہی میں نو منتخب گورننگ باڈی کو جلد بازی کا الزام لگا کر معطل کر دیا ہے۔
خلیجی میڈیا کے مطابق بھارت کی وزارت کھیل نے آج کہا ہے کہ اس نے اسکینڈل زدہ ریسلنگ فیڈریشن کی نو منتخب گورننگ باڈی کو معطل کر دیا ہے اور اس پر جلد بازی میں چیمپیئن شپ کا اعلان کرکے قواعد کو نظر انداز کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
بھارتی حکومت کا یہ فیصلہ نئے صدر کے اپنے قریبی ساتھی برج بھوشن شرن سنگھ کی جگہ منتخب ہونے کے چند دن بعد سامنے آیا ہے، جن پر خاتون پہلوانوں کو جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔
وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلیو ایف آئی) کو اگلے احکامات تک اپنی تمام سرگرمیاں معطل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ڈبلیو ایف آئی کے نئے صدر سنجے سنگھ کو ان کے قریبی ساتھی برج بھوشن شرن سنگھ کی جگہ منتخب کیے جانے کے چند دن بعد ہی یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
امید کی جا رہی تھی کہ اس رائے شماری سے بین الاقوامی گورننگ باڈی یونائیٹڈ ورلڈ ریسلنگ کی جانب سے فیڈریشن کی معطلی ختم کرنے کی راہ ہموار ہو جائے گی لیکن حکومت کے حکم نامے نے اسے مزید شکوک و شبہات میں ڈال دیا ہے۔
سنجے سنگھ نے جمعرات کو اپنی جیت کے بعد سابق ہیڈ سے ملاقات کی اور اعلان کیا کہ سال کے اختتام سے پہلے قومی جونیئر ریسلنگ چیمپیئن شپ کا انعقاد کیا جائے گا۔
وزارت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدامات نئے صدر کی جانب سے مکمل من مانی کی علامت ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ نیا بورڈ سابق عہدیداروں کے مکمل کنٹرول میں ہے۔
جنوری میں الزامات سامنے آنے کے بعد بھارت کے کئی سرکردہ پہلوانوں نے برج بھوشن شرن سنگھ کو ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے شور مچانے والی احتجاجی مہم کی قیادت کی تھی۔
حکمراں جماعت کے 66 سالہ قانون ساز نے تمام الزامات سے انکار کیا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ وہ انہیں زبردستی پارلیمنٹ سے باہر نکالنے کی سازش کا شکار ہیں۔
ان کے خلاف فوجداری مقدمہ چل رہا ہے اور جرم ثابت ہونے کی صورت میں انہیں پانچ سال قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔
ریسلنگ شمالی بھارت کے دیہی علاقوں میں بے حد مقبول ہے، اور اسٹار ایتھلیٹس کو دیہی علاقوں میں بڑی عوامی مقبولیت حاصل ہے۔
نئے صدر نے انیتا شیوران کو شکست دی تھی، جنہوں نے 2010 کے کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا تھا اور اپنے پیشرو کے خلاف کھلاڑیوں کی مہم کی حمایت کی تھی۔ وہ اس کیس میں گواہ بھی ہیں۔


















