آسٹریلیا کے خلاف میلبرن ٹیسٹ کے لیے ٹیم مینجمنٹ کو محمد رضوان اور سرفراز احمد میں سے کسی ایک کا انتخاب کرنے میں مشکل پیش آرہی ہے۔
26 دسمبر سے شروع ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کے لیے محمد رضوان کو موقع دیے جانے کی باتیں ہورہی ہیں لیکن ٹیم مینجمنٹ اب تک یہ فیصلہ نہیں کرسکی کہ آیا سرفراز احمد کو ڈراپ کیا جائے یا نہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف ایک آپشن یہ بھی سامنے آیا تھا کہ سلمان علی آغا کی جگہ محمد رضوان کو بطور بلے باز موقع دیا جائے لیکن ایسا بھی ممکن دکھائی نہیں دیتا کیوں کہ سلمان علی آغا کی صورت میں قومی ٹیم کو ایک اسپنر دستیاب ہے جو نعمان علی اور ابرار احمد کی غیر موجودگی میں ان کی کمی پورا کرسکتے ہیں۔
دوسری جانب فاسٹ بولر خرم شہزاد کے ان فٹ ہونے کے بعد حسن علی یا میر حمزہ کو میدان میں اتارا جائے گا۔
خیال رہے کہ سرفراز احمد پرتھ ٹیسٹ میں 3 اور 4 رنز بنا کر مچل اسٹارک کا شکاربنے تھے اور ان کی فارم کو لے کر ٹیم مینجمنٹ میں تشویش پائی جاتی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ 26 دسمبر سے میلبرن میں کھیلا جائے گا، آسٹریلیا کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔


















