بھارت کی ویمنز کرکٹ ٹیم نے آسٹریلیا کے خلاف 46 سال بعد ٹیسٹ میچ جیت کر نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بھارت نے اتوار کے روز وانکھیڈے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر پہلی تاریخی فتح حاصل کی۔
پہلی اننگز میں 187 رنز کی نمایاں برتری نے بھارت کو باکس سیٹ پر پہنچا دیا تھا اور دوسری اننگز میں آسٹریلیا کو 261 رنز پر آؤٹ کرنے کے بعد اسے مقابلہ جیتنے کے لئے صرف 75 رنز کی ضرورت تھی۔
بھارت کی اوپنر شیفالی ورما اور تیسری نمبر کی بلے باز رچا گھوش جلدی آؤٹ ہو گئیں تھیں لیکن اسمرتی مندھانا نے ناقابل شکست 38 رنز کی اننگز کھیل کر یادگار فتح کو یقینی بنایا۔
ہرمن پریت کور کی قیادت والی بھارتی ٹیم نے رواں ماہ کے اوائل میں ممبئی میں کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کو 347 رنز سے شکست دی تھی۔
1977 ء میں آسٹریلیا کے خلاف 11 ٹیسٹ میچوں میں بھارت کی پہلی فتح کے بعد کور نے کہا کہ یہ ان تمام محنتوں کا صلہ ہے جو ہم نے کئی سالوں تک کی ہیں۔
ہرمن پریت کور کا مزید کہنا تھا کہ امید ہے کہ ان دونوں کامیابیوں کے بعد ہمیں آنے والے برسوں میں مزید ٹیسٹ میچ کھیلنے کا موقع ملے گا۔


















