دنیا بھر کی طرح پاکستانیوں نے دیگر چیزوں کی طرح سال 2023 میں گوگل پر ٹیکنالوجی سے متعلق چیزوں کو بھی بھرپور سرچ کیا۔
سال کے اختتام پر گوگل کی جانب سے 8 کیٹیگریز میں پاکستانیوں کی پسندیدہ سرچز کی فہرست جاری کی گئی تھی جس میں کرکٹ اور فلموں سمیت ٹیکنالوجی کی چیزیں بھی شامل تھیں۔
گوگل کی جانب سے جاری فہرست سے پتہ چلتا ہے کہ اسمارٹ فونز، ایپس اور آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی جیسے موضوعات 2023 میں پاکستانی انٹرنیٹ صارفین کی دلچسپی کا مرکز بنے رہے۔
آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی چیٹ جی پی ٹی چیٹ بوٹ، جسے نومبر 2022 میں متعارف کرایا گیا تھا، وہ سرفہرست رہا۔
دوسرے نمبر پر لائیو اسٹریمنگ سروس تماشا لائیو رہی۔ تیسرے نمبر پر پاکستانیوں نے سب سے زیادہ انفینکس نوٹ اسمارٹ فون کو سرچ کیا۔
ایپل کے آئی فونز دنیا بھر کے افراد کی توجہ کا مرکز رہتے ہیں اور پاکستان میں بھی انہیں کافی پسند کیا جاتا ہے۔ 2023 میں ٹیکنالوجی کی کیٹیگری میں آئی فون 15 کے حصے میں چوتھا نمبر آیا۔
5 ویں نمبر پر اے آر وائے زیپ ایپ رہی۔ اس کے بعد چھٹے نمبر پر ریڈمی نوٹ 12 اور 7 ویں نمبر پر ٹیکنو اسپارک 10 جیسے اسمارٹ فونز رہے۔ 8 ویں نمبر پر جنریٹیو اے آئی ٹیکنالوجی کی تیاری میں مددگار اڈوب فائر فلائی پروگرام رہا۔
9 ویں اور 10 ویں نمبر پر بالترتیب انفینکس اسمارٹ 7 اور ویوو وائے 17 ایس اسمارٹ فونز رہے۔




















