پی سی بی کی جانب سے مسٹری اسپنر ابرار احمد کے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے میچ میں شمولیت کا حتمی فیصلہ کل کیا جائے گا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق مسٹری اسپنر ابرار احمد مکمل فٹ ہوگئے ہیں یا نہیں، یہ فیصلہ کل کیا جائے گا البتہ اسپنر اب پہلے سے بھی بہتر محسوس کررہے ہیں۔
ترجمان پی سی بی کا کہنا تھا کہ ابرار احمد نے سڈنی میں پریکٹس شروع کردی ہے اور وہ اب مکمل رن آپ کے ساتھ اپنی بولنگ کررہے ہیں جب کہ انہوں نے نیٹ پریکٹس میں بھی حصہ لیا اور پورے ردھم کے ساتھ بولنگ کی، اس دوران پی سی بی میڈیکل پینل بھی وہاں موجود تھا جو ابرار احمد کی فٹنس کا جائزہ لے رہا ہے۔
واضح رہے کہ مسٹری اسپنر ابرار احمد آسٹریلیا کے خلاف پرتھ اور میلبرن میں ہونے والے ٹیسٹ میچوں میں شرکت نہیں کرسکے تھے، وہ پریکٹس کے دوران ہی گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے۔
اس دوران یہ قیاس آرائیاں بھی کی جارہی ہیں کہ ابرار احمد آسٹریلیا جانے سے پہلے ہی ان فٹ تھے تو ان کی جگہ کسی فٹ اسپنر کو ساتھ کیوں نہیں لے جایا گیا۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے ساتھ موجود ایک اور اسپنر نعمان علی بھی فٹنس مسائل کی وجہ سے دورہ آسٹریلیا سے باہر ہوگئے جس پر ٹیم مینجمنٹ نے ساجد علی کو ان کے متبادل کو طور پر طلب کیا تھا لیکن حیران کن طور پر میلبرن میں ہونے والے دوسرے میچ میں انہیں موقع نہیں دیا گیا بلکہ ان پر سلمان علی آغا کو ترجیح دی جو بیٹنگ اور بولنگ دونوں شعبوں میں ناکام رہے۔
واضح رہے کہ 25 سالہ ابرار احمد جنہوں نے 6 ٹیسٹ میں 31.07 کی اوسط سے 38 وکٹیں حاصل کی ہیں۔


















