Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

مکی آرتھر جلد پی سی بی سے راہیں جدا کرلیں گے

بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ 2023 تک قومی ٹیم کے ساتھ بطور ڈائریکٹر فرائض انجام دینے والے مکی آرتھر نے بھی پی سی بی سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ 

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ورلڈکپ میں قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کے بعد کوچنگ اسٹاف میں بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کی تھیں تاہم محدود اختیارات کے سبب کوچنگ اسٹاف میں شامل کسی بھی غیر ملکی کو فارغ نہیں کیا تھا البتہ وہ خود ہی ایک ایک کرکے پی سی بی کو خیرباد کہہ گئے۔

پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی نے غیر ملکی اسٹاف کو عہدوں سے فارغ کرکے اکیڈمی میں خدمات پیش کرنے کی ہدایت دی تھی تاہم کسی بھی غیر ملکی نے اس میں دلچسپی ظاہر نہیں کی۔

قومی ٹیم کے سابق بیٹنگ کوچ بریڈ برن اور بولنگ کوچ مورنی مورکل کے بعد اب اطلاعات ہیں کہ سابق ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر بھی پی سی بی سے راہیں جدا کرلیں گے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور سابق ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر کے درمیان معاملات خوش اسلوبی سے طے پاگئے ہیں اور وہ بھی جلد اعلان کرکے پی سی بی سے راہیں جدا کرلیں گے۔

گزشتہ روز ہیڈکوچ بریڈ برن نے بھی معاملات طے ہونے کے بعد پی سی بی سے معاہدہ ختم کرلیا اور شکریہ بھی ادا کیا تھا۔ بیٹنگ کوچ اینڈریو پٹیک نے افغانستان بورڈ سے معاہدہ کرکے پی سی بی سے علحیدہ ہوگئے جبکہ بولنگ کوچ مورنی مورکل پہلے ہی استعفیٰ دے چکے تھے۔

متعلقہ خبریں