بھارتی کرکٹر روی ایشون بھی پاکستان کے سابق لیجنڈری کھلاڑی جاوید میانداد کی تعریف کیے بغیر نہ رہ سکے۔
کرکٹ کی مشہور ویب سائٹ ’کرک انفو‘ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ ڈالی گئی جس میں پاکستان اور بھارت کے مختلف کھلاڑیوں کی تصاویر لگاکر یہ پوچھا گیا کہ ان دونوں کے دوران اگر مقابلہ ہوتا تو فتح کس کو ملتی؟
اس سوال کے جواب میں سوشل میڈیا صارفین نے دلچسپ جوابات دیے تاہم اکثریت نے پاکستان کے لیفٹ آرم اسپنر وسیم اکرم کو روہت شرما کے مقابلے میں فاتح قرار دیا اور اسی طرح روی چندران ایشون کے مقابلے میں جاوید میانداد کو ونر قرار دیا۔
Six imaginary India vs Pakistan contests. Pick your winners. pic.twitter.com/QDY7qylaGa
— ESPNcricinfo (@ESPNcricinfo) January 8, 2024
سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر (ایکس) پر ایک صارف نے روی ایشون کو ٹیگ کرتے ہوئے لکھا کہ جاوید میانداد اسپین کھیلنے کے ماہر تھے، آج کے بلے بازوں میں ان کی آدھی مہارت بھی نہیں ہے۔
صارف کے ٹوئٹ کے جواب میں بھارتی آف اسپنر روی چندران ایشون نے خود اس بات کا اعتراف کیا کہ جاوید میانداد ایک شاندار کرکٹر تھے اور یقیناً وہ میرے مقابلے میں آسانی سے جیت جاتے۔
واضح رہے کہ جاوید میانداد کا بھارت کے خلاف ون ڈے میچوں میں شاندار ریکارڈ ہے، انہوں نے روایتی حریف کیخلاف 35 مقابلے کھیلے جس میں 1 ہزار 175 رنز بنائے۔ عظیم کرکٹر کی اوسط بھارت کیخلاف 51.08 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 72.44 کا تھا، جس میں 6 نصف سنچریاں اور 3 سنچریاں شامل تھیں۔


















