بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر پروین کمار نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی ٹیم میں ہر کھلاڑی شرابی ہے۔
بھارتی ریاست اترپردیش سے تعلق رکھنے والے انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی پروین کمار نے بھارتی میڈیا کو انٹریو دیتے ہوئے اپنی ٹیم کے ڈریسنگ روم سے متعلق حیران کن انکشافات کیے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم کے ڈریسنگ روم میں ہر کھلاڑی شراب پیتا تھا اور زیادہ تر کھلاڑی شراب نوشی کے عادی تھے۔
2018 میں بھارتی کرکٹ ٹیم سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے فاسٹ بولر پروین کمار نے 2007 میں پاکستان کے خلاف ون ڈے میچ میں ڈیبیو کیا تھا اور انہوں نے اپنے انٹرنیشنل کریئر کا آخری میچ مارچ 2012 میں جنوبی افریقا کے خلاف کھیلا تھا جو ٹی ٹوئنٹی میچ تھا اور اس کے بعد انہیں کسی فارمیٹ میں موقع نہیں دیا گیا۔
دوران انٹرویو بھارتی صحافی نے ان کی شراب نوشی کی عادت سے متعلق سوال کیا جس پر پروین کمار کا کہنا تھا کہ میرے سینئرز مجھے شراب نوشی سے منع کرتے تھے لیکن خود بھارتی ٹیم کی ڈریسنگ روم میں بیٹھ کر شراب پیتے تھے لیکن ان سب نے مجھے بدنام کردیا کہ یہ شراب پیتا ہے۔
پروین کمار کے انکشاف پر بھارتی صحافی نے سوال کیا کہ سچن ٹنڈولکر، ساورو گنگولی اور راہول ڈریوڈ جیسے سینئر کھلاڑی اس طرح کے مشورے دیتے تھے؟
پروین کمار نے تصدیق یا تردید کے بغیر کہا کہ میں کیمرے پر کسی کا نام نہیں لینا چاہتا لیکن یہ بات سب جانتے ہیں کہ مجھے کس نے بدنام کیا اور میرے حوالے سے یہ تاثر دیا گیا کہ میں ہر وقت جھگڑتا رہتا تھا اور ہر وقت شراب کے نشے میں دھت رہتا تھا لیکن یہ سب جھوٹ ہے جس کا علم میرے قریبی دوستوں کو ہے۔


















