Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بابراعظم، محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی بہترین ہے اور رہے گی: شاہین آفریدی

قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا ہے کہ بابراعظم اور محمد رضوان کی اوپننگ جوڑی بہترین ہے اور رہے گی۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی گزشتہ روز کی گئی۔ ٹرافی کی رونمائی میں پاکستانی کپتان شاہین آفریدی اور کیوی کپتان کین ولیمسن شریک ہوئے۔

اس موقع پر پریس کانفرنس کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے سابق کپتان بابراعظم اور محمد رضوان سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اوپننگ جوڑی بہترین ہے اور یہ ہمیشہ رہے گی۔

ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ میرا نہیں خیال کہ بابراعظم کی فارم خراب چل رہی ہے، وہ اپنے کیریئر میں اتنے رنز بناچکے ہیں جو میں گن بھی نہیں سکتا، ایسے میں اگر وہ ایک دو اننگز میں اسکور نہیں کرسکے تو اس سے کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ سے قبل ہمارے پاس 17 ٹی ٹوئنٹی میچز ہیں اور اس دوران میں مختلف کمبی نیشن آزمائیں گے اور یہ دیکھنے کی کوشش کریں گے کہ کون کس نمبر پر زیادہ اچھا کھیل پیش کرتا ہے۔

شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ نیوزی لینڈ کی سیریز کے دوران مختلف کمبی نیشن آزمانے کے بعد جب ہم انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلیں گے تو سب کو معلوم ہوگا کہ اس نے کس نمبر پر کیا کردار ادا کرنا ہے اور ورلڈکپ سے پہلے ہم یہ چاہتے ہیں کہ ہر کھلاڑی کو اپنا بیٹنگ آرڈر معلوم ہو۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کی قیادت سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم کی کپتانی کرنا فخر کی بات ہے، ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان اچھا کھیلتا ہوا آرہا ہے اور بڑے ایونٹس میں بھی ہماری کارکردگی اچھی رہی ہے لیکن بدقسمتی سے ہمیں وہ نتائج نہیں ملے جو ہم چاہتے تھے ورنہ ورلڈ کپ کے سیمی فائنل اور فائنل کھیلنا آسان نہیں ہوتا، تاہم اس بار کوشش کریں گے کہ ماضی کی غلطیاں نہ دہرائیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں مکمل فٹ ہوں لیکن دو ٹیسٹ میں زیادہ بولنگ کروالی تھی اس لیے ٹیم مینجمنٹ نے انجری کے ڈر سے تیسرے ٹیسٹ میں موقع نہیں دیا، البتہ ہمارے پاس اگر سیریز جیتنے کا موقع ہوتا تو ضرور کھیلتا کیوں کہ میری اولین ترجیح ٹیسٹ فارمیٹ ہے اور یہ مجھے پسند بھی ہے۔

متعلقہ خبریں