پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق نائب کپتان شاداب خان نے ثقلین مشتاق کی صاحبزادی سے جلدی شادی کرنے کی وجہ بتادی۔
قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے ایک انٹریو کے دوران جلدی شادی کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ دسمبر 2022 میں وہ آسٹریلین کرکٹ لیگ بگ بیش کے دوران انجرڈ ہوگئے تھے جس کی وجہ سے انہیں دورہ نیوزی لینڈ میں منتخب نہیں کیا گیا۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ چونکہ میں ٹیم کے ساتھ نہیں تھا اور اس دوران قومی ٹیم کے سابق لیجنڈری اسپنر ثقلین مشتاق نے اپنے نئے گھر میں ہماری فیملی کو دعوت دی۔
انہوں نے بتایا کہ ثقلین مشتاق کے گھر تقریب کے دوران میری والدہ نے سابق اسپنر کی بیٹی کو دیکھا تو انہوں نے فوراً ہمارا رشتہ پکا کرلیا اور تین دن کے اندر ہمارا نکاح بھی ہوگیا۔
ایک سوال کے جواب میں قومی ٹیم کے آل راؤنڈر نے بتایا کہ وہ آج بھی اپنے سسر ثقلین مشتاق کو ثقی بھائی اور اپنی ہونے والی ساس کو بھابھی کہہ کر پکارتے ہیں۔
شاداب خان کا کہنا تھا کہ انہیں کرکٹ کھیلنے کا بہت زیادہ شوق نہیں تھا اور وہ ہارڈ بال سے ڈرتے تھے، البتہ ٹیب بال کرکٹ بہت شوق سے کھیلتے تھے اور کبھی کبھار فٹبال بھی کھیل لیا کرتے تھے، یہاں تک کہ میں نے نیشنل لیول پر جانے کا فیصلہ کیا اور اس کے لیے فٹبال کا ٹیسٹ بھی دیا تھا جس میں کلیئر بھی ہوگیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میرے ٹیسٹ کے بعد کسی ہمدرد نے میرے والد کو بتایا کہ پاکستان میں فٹبال کا کوئی کیئرئر نہیں جس کے بعد میں نے باقاعدہ ہارڈ بال کرکٹ کھیلنا شروع کی اور کوچ کی نگرانی میں ٹریننگ بھی شروع کی۔


















