پاکستان کرکٹ ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کی غیر ملکی لیگز میں شرکت ان کی فٹنس سے مشروط کردی۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم مینجمنٹ نے کھلاڑیوں کو واضح پیغام بھجوایا ہے کہ غیر ملکی لیگز میں شرکت کے لیے پہلے ڈومیسٹک میں پرفارم کریں اور اپنی فٹنس دکھائیں جس کے بعد این او سی دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ فٹنس مسائل سے دوچار پاکستانی کرکٹرز نسیم شاہ، محمد حسنین اور احسان اللہ بنگلادیش پریمیئر لیگ میں شرکت کے خواہش مند ہیں جب کہ شاداب خان بھی آئی ایل ٹی ٹوئنٹی کھیلنا چاہتے ہیں۔
اس حوالے سے کرکٹ بورڈ نے لیگ اسپنر شاداب خان اور دیگر تین فاسٹ بولرز کو این او سی دینے کے لیے ٹیم مینجمنٹ سے رائے طلب کی ہے۔
دوسری جانب ٹیم مینجمنٹ کے پیغام کے بعد لیگ اسپنر شاداب خان پریذیڈینٹ ٹرافی کھیلنے کراچی پہنچ گئے ہیں اور شاداب خان کو این او سی مل چکا ہے لیکن انجری کی وجہ سے انہیں پی سی بی سے پھر کلیئر نس لینا ہوگی
واضح رہے کہ بنگلادیش پریمیئر لیگ 19 جنوری سے شروع ہوگی،جس میں پاکستان کے 16 کھلاڑیوں کو شرکت کرنی ہے تاحال پی سی بی نے کسی بھی کھلاڑی کو این او سی جاری نہیں کیا ہے جب کہ نسیم شاہ ، احسان اللہ اور محمد حسنین کو این او سی کے ساتھ ساتھ اپنی فٹنس بھی دینا ہوگی۔


















