Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بھارتی کپتان روہت شرما ایک اور تنازع کا شکار

بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما کے حوالے سے افغانستان کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ایک اور تنازع سامنے آگیا۔ 

بھارت اور افغانستان کے خلاف تیسرا ٹی ٹوئنٹی انتہائی دلچسپ رہا جس میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کپتان روہت شرما کی سنچری کی بدولت 200 کا ہندسہ عبور کیا لیکن اس کے باوجود افغانستان نے وہ اسکور پورا کردیا۔

بعد ازاں بھارت اور افغانستان کے درمیان سپر اوور میں مقابلہ ہوا لیکن یہ بھی برابری کی سطح پر ختم ہوا جس کے بعد دوسرے سپر اوور میں بھارت نے افغانستان کو شکست سے دوچار کیا۔

تاہم اس دوران ایک دلچسپ صورتحال اس وقت سامنے آئی جب بھارتی کپتان روہت شرما پہلے سپر اوور میں دو چھکے لگانے کے بعد اچانک ریٹائرڈ ہوکر واپس چلے گئے لیکن حیران کن طور پر دوسرے سپر اوور میں دوبارہ بیٹنگ کے لیے میدان میں اترے۔

آئی سی سی پلیئنگ کنڈیشن کے تحت اگر کوئی بیٹر پہلے سپر اوور میں آؤٹ ہوتا تو دوسرے میں وہ بیٹنگ کیلیے نہیں آسکتا، میچ آفیشلز کی جانب سے اس بارے میں وضاحت نہیں کی گئی کہ روہت ریٹائرڈ آؤٹ ہوئے تھے یا ہرٹ، دوسرے کیسے میں اگر وہ ریٹائرڈ ناٹ آؤٹ تھے تب وہ دوبارہ بیٹنگ کے اہل تھے۔

روہت شرما نے افغانستان کے خلاف پہلے سپر اوور میں تیسری اور چوتھی بال پر چھکے جڑے جب کہ پانچویں گیند پر سنگل لیا، اب آخری گیند پر فتح کیلیے 2 رنز درکار تھے، یشاسوی جسوال نے گیند کا سامنا کرنا تھا، اتنے میں روہت ریٹائر ہوکر چلے گئے اور ان کی جگہ رنکو سنگھ نان اسٹرائیک اینڈ پر آئے تاکہ وہ تیزی سے وکٹ کے درمیان دوڑ سکیں، جسوال نے ایج پر سنگل لیا اور مقابلہ پھر برابر ہوگیا۔

اب چونکہ بھارت نے پہلے سپر اوور میں بعد میں بیٹنگ کی تھی، اس لیے دوسرے میں پہلے بیٹنگ کرنا تھا، روہت پھر اسٹرائیک پر آئے اور پہلی 2 بالز پر چھکا اور چوکا جڑا، اس اوور میں 11 رنز بنے جب کہ جواب میں روی بشونی نے اپنی پہلی 2 بالز پر افغانستان کی 2 وکٹیں اڑاکر ٹیم کو فتح دلادی۔

اب یہ بحث ہورہی ہے کہ روہت ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے تھے یا ریٹائر آؤٹ، اس بات پر تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔ بہرحال بھارتی ٹیم نے تیسرا میچ بھی جیت کر سیریز میں کلین سوئپ مکمل کرلیا ہے۔

متعلقہ خبریں