Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بی پی ایل فرنچائز نے شعیب ملک پر میچ فکسنگ کے الزامات کو مسترد کردیا

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کی فرنچائز فارچیون باریسل نے پاکستانی آل راؤنڈر شعیب ملک پر میچ فکسنگ کے الزام کو بے بنیاد قرار دے دیا ہے۔

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک کا بنگلادیش پریمیئر لیگ کے دوران اس وقت تنازعات کا شکار ہوئے جب انہوں نے ایک ہی اوور کے دوران تین نوبالز کروائی اور بعد ازاں وہ نجی دورے پر بی پی ایل ادھوری چھوڑ کر دبئی چلے گئے جس پر یہ قیاس آرائیاں کی جارہی تھی کہ میچ فکسنگ کی وجہ سے فرنچائز نے ان سے معاہدہ ختم کردیا۔

تاہم اب بی پی ایل فرنچائز فارچیون باریسل نے ان خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ شعیب ملک سے کوئی معاہدہ ختم نہیں ہوا بلکہ وہ نجی دورے پر دبئی گئے تھے اور انہوں نے اگلے میچ سے پہلے واپس آنا تھا تاہم مینجمنٹ نے ان کی اس تجویز کو قبول نہیں کیا اور باہمی رضامندی سے معاہدہ ختم ہوا ہے۔

دوسری جانب شعیب ملک نے میڈیا رپورٹس کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ پہلے سے طے ذاتی مصروفیات کی وجہ سے دبئی میں ہوں، واپسی جاکر کھیلنا چاہتا تھا لیکن لیگ انتظامیہ راضی نہیں ہوئی، باقی سب باتیں بکواس ہیں۔

بی پی ایل فرنچائز فارچیون باریسل کے مالک نے ایک بیان میں کہا کہ شعیب ملک 6 فروری سے ٹیم کو جوائن کرنا چاہتے تھے تاہم اس کے بعد ہمارے صرف 2 میچز ہی رہتے تھے جس پر ان سے معاہدہ ختم کیا۔

مالک فورچیون  باریشال نے مزید کہا کہ شعیب ملک ایک سینئر کرکٹر ہیں ہمیں ان کی عزت کرنی چاہیے اور وہ عزت کرنے کے لائق ہیں ، اور سابق پاکستانی کپتان ایک اچھے کھلاڑی ہیں، ہمیں ان سے کسی قسم کی شکایت نہیں ہے۔

واضح رہے کہ شعیب ملک اپنے آخری میچ میں 6 گیندوں پر پانچ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شعیب ملک نے ایک اوور میں 18 رنز دیئے جس میں تین نو بال بھی کروائیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں شعیب ملک نے  بنگلا دیش پریمیر لیگ میں فورچیون باریشال کی نمائندگی کرتے ہوئے ہی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 13 ہزار رنز مکمل کیے۔ وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے ایشین اور دنیا کے دوسرے کھلاڑی ہیں۔

متعلقہ خبریں