پاکستان سپر لیگ سیزن 9 میں ٹی وی براڈکاسٹر نے بگی کیم سمیت 30 ہائی ڈیفینیشن کیمرے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل سیزن میں بھی نشریات کے معیار کو مزید بہتر بنانے کا فیصلہ کیا ہے، ایونٹ میں بگی کیم سمیت 30 ہائی ڈیفینیشن کیمروں کی مدد سے میچز کی کوریج کی جائے گی۔
بگی کیم سمیت مجموعی طور پر 30 ہائی ڈیفینیشن کیمرے دنیا بھر میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کے شائقین کو ہائی کوالٹی ایکشن اسٹریم کریں گے۔
اسپائیڈر کیم نہ صرف ٹی وی ناظرین کو متحرک زاویوں سے متعارف کرائے گا بلکہ میچوں کے دوران فیلڈ پلیئرز کے انٹرویوز کے انعقاد کے لیے اسے مائیکروفون اور اسپیکر میں اضافے کے ساتھ اپ گریڈ بھی کیا گیا ہے۔
ڈی آر ایس ٹیکنالوجی ایچ بی ایل پی ایس ایل کے دوران بھی دستیاب ہوگی جبکہ اسٹریمنگ کے معیار میں اضافے کے لیے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا جائے گا۔
شائقین میچوں کے دوران آن اسکرین گرافکس میں تبدیلی دیکھیں گے جس میں نئے اگمنٹڈ رئیلٹی گرافکس اور پلیئر ویڈیو ہیڈ شاٹس شامل ہوں گے۔


















