Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

بابراعظم نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اسٹار بلے باز بابراعظم نے ایک اور عالمی اعزاز اپنے نام کرلیا۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے دوران پشاور زلمی کے کپتان بابراعظم نے ایونٹ کے دوسرے میچ میں مسلسل دوسری نصف سنچری اسکور کی اور یوں وہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں تیز ترین 10 ہزار رنز بنانے والے بلے باز بن گئے۔

پشاور زلمی کو پہلے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا لیکن بابراعظم نے 68 رنز بناکر پاکستان سپر لیگ میں اپنے 3 ہزار رنز مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا، وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے واحد بلے باز ہیں۔

https://twitter.com/thePSLt20/status/1760232285842919821

کراچی کنگز کے خلاف اپنے دوسرے میچ میں بابراعظم نے 72 رنز کی اننگز کھیل کر ایک اور سنگ میل عبور کرلیا۔ بابراعظم نے 271 اننگز میں 10 ہزار رنز بناکر ویسٹ انڈیز کے مایہ ناز بلے باز کرس گیل کا ریکارڈ توڑ دیا۔ کرس گیل نے 285 اننگز میں 10 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنائے تھے۔

قومی ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے کیرئیر میں 19 ٹیموں کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے ہیں، سابق قومی کپتان نے پاکستان کی جانب سے 3698 اور کراچی کنگز کیلئے 2398 رنز بنائے۔

پشاور زلمی کے کپتان مجموعی طور پر 10 ہزار ٹی ٹوئنٹی رنز بنانے والے 13 ویں پلیئر ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے کرس گیل نے سب سے زیادہ 14562 رنز بنائے ہیں جب کہ اس فہرست میں پاکستان کے ایک اور سابق کپتان شعیب ملک بھی موجود ہیں جنہوں نے 13159 ٹی ٹوئنٹی رنز بنائے ہیں۔

متعلقہ خبریں