Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان سپر لیگ کے دوران فلسطین کے حق میں آواز اٹھانا خاتون کو مہنگا پڑگیا

پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ کے دوران فلسطین کے حق میں بینر لانے والی خاتون کو گیٹ پر ہی روک دیا گیا۔

پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کے دوران لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے میچ کے دوران ایک خاتون فلسطین کے حق میں بینر کے ساتھ اسٹیڈیم میں داخل ہونا چاہتی تھیں لیکن سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں گیٹ پر ہی روک لیا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر ٹوئٹ کرتے ہوئے فریال نامی خاتون نے لکھا ’’ فلسطین کے حق میں لکھے گئے بینر کی وجہ سے سیکیورٹی اہلکاروں نے روک لیا اور وہ میرے ساتھ سختی سے پیش آئے جیسے کہ میں کوئی ہتھیار لے کر اندر داخل ہورہی ہوں‘‘۔

خاتون کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہلکاروں نے مجھے بتایا کہ فلسطین سے متعلق بینرز اندر لے جانے کی اجازت نہیں ہے کیوں کہ ایک سیاسی بیانیہ ہے جو کچھ لوگوں کو بُرا لگتا ہے، اگر آپ اندر جانا چاہتی ہیں تو ان بینرز کو باہر چھوڑنا ہوگا۔

فریال نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکاروں کا رویہ دیکھ کر میرے ساتھ آئے چھوٹے بہن بھائی خوفزدہ ہوگئے تھے اس لیے میں نے بحث کرنا مناسب نہیں سمجھا تاہم اس میں سیکیورٹی والوں کا بھی کوئی قصور نہیں کیوں کہ انہیں جو حکم دیا گیا تھا ، انہوں نے ویسا ہی کیا۔

دوسری جانب فلسطین کے معاملے پر حکومت کے واضح نقطہ نظر کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے تماشائیوں کو فلسطین کے حق میں بینرز لے جانے سے منع کرنے کا فیصلہ کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔

متعلقہ خبریں