پی ایس ایل 9 کے 14ویں میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 60 رنز سے شکست دیکر پانچویں کامیابی حاصل کی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے عثمان خان کے 96 رنز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 214 رنز بنائے جس کے جواب میں اسامہ میر کی لاجواب بولنگ کی بدولت لاہور قلندرز کی ٹیم 17 اوور میں 154 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ملتان سلطانز بیٹنگ:
اس سے قبل ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے قلندرز کے خلاف ٹاس جیتا او رپہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
ملتان سلطانز کی جانب سے عثمان خان نے 55 گیندوں پر 96 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی جبکہ افتخار احمد 18 گیندوں پر 40 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
کپتان رضوان کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے، ریزا ہینڈرکس نے بھی 40رنز بنائے، طیب طاہر نے 21 رنز اسکور کیے جبکہ خوشدل شاہ 3 ر نز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے 2، کارلوس بریتھویٹ اور سکندر رضا نے ایک ایک وکٹ لی۔
لاہور قلندرز بیٹنگ:
ہدف کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی جانب سے صاحبزادہ فرحان 31 اور وین ڈر ڈوسن 30 رنز بناکر نمایاں رہے۔
اس کے علاوہ سکندر رضا 17 ، کامران غلام 12 اور شاہین شاہ آفریدی نے 9 رنز بنائے۔ اس کے علاوہ سلمان فیاض 8 ، جارج لینڈا 5 اور جہانداد خان صفر پر آوٹ ہوئے۔
ملتان سلطانز کی جانب سے اسامہ میر نے 40 رنز دے کر 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ فیصل اکرم نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ خوشدل شاہ اور آفتاب ابراہیم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئیں۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 میں لاہور قلندرز اب تک ایک بھی میچ جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی، اسے تمام 6 میچز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کے سبب پی ایس ایل 9 میں لاہور کا سفر تقریباً ختم ہوچکا ہے۔
دوسری جانب ملتان سلطانز 5 میں کامیابی کے بعد 10 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر موجود ہے۔


















