پی ایس ایل کے نویں ایڈیشن میں کراچی میں ہونے والے میچز کے دوران سڑکیں بند نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن (پی ایس ایل 9) کے کراچی میں شیڈول میچز کے دوران شہر کی کوئی سڑک بند نہیں ہوگی۔
اس حوالے سے کراچی ٹریفک پولیس نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل 9 کے میچز کے دوران کراچی میں کوئی بھی سڑک بند نہیں ہوگی البتہ ہیوی ٹریفک کو میچ کے روٹس والے راستوں سے نہیں گزرنے دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پی ایس ایل 9 کے پلے آف اور فائنل سمیت 11 میچز کی میزبانی کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کو دی گئی ہے۔
پی ایس ایل 9 کے دوسرے مرحلے کا آغاز آج سے کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں ہورہا ہے جہاں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مدمقابل ہوں گے۔
اس موقع پر کراچی ٹریفک پولیس نے تماشائیوں کیلئے پارکنگ کیلئے خصوصی ٹریفک پلان مرتب کیا ہے۔
کراچی کے علاقوں کارساز، ملینیم اور نیوٹاؤن سے آنے والے شائقین اپنی گاڑیاں پی ایس بی کوچنگ سینٹر /چائنا گراؤنڈ میں پارک کرسکیں گے۔
اس کے علاوہ میچ کے دوران سہراب گوٹھ سے نیپا، لیاقت آباد نمبر 10 سے حسن اسکوائر، پیپلز چورنگی سے یونیورسٹی روڈ، کارساز سے اسٹیڈیم، ملینیم تا نیوٹاؤن، اسٹیڈیم سگنل تا حسن اسکوائر ہر قسم کی ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔


















