Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان کے سابق انڈر 19 فٹبالر ٹریفک حادثے میں جاں بحق

پاکستان انڈر 19 اور ائیر فورس کی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی فرحان خان روڈ حادثے میں چل بسے۔

پاکستان کے سابق انڈر 19 فٹبال کھلاڑی فرحان خان ضلع صوابی میں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔

فرحان خان قومی سطح پر پی اے ایف کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ وہ اے ایف سی انڈر 19 فٹبال چیمپئن شپ 2019 کا کوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنے والی پاکستان فٹبال ٹیم کا حصہ تھے۔

دریں اثنا پاکستان فٹبال فیڈریشن کی نارملائزیشن کمیٹی کے ذمہ داران، سابق قومی کپتان عیسیٰ خان اور دیگر نے فرحان خان کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ صوابی شہر میں جہانگیرہ روڈ پر پیش آیا جہاں فرحان خان اپنی موٹر سائیکل پر سوار تھے کہ اچانک تیز رفتار گاڑی نے انہیں ٹکر مار دی۔

پولیس نے بتایا کہ ایمبولینس کے تاخیر سے پہنچنے پر فرحان خان سڑک پر ہی زخمی حالت میں کافی دیر پڑے رہے اور پھر انہیں صوابی کے ڈسٹرک ہیڈکواٹر اسپتال میں منتقل کیا گیا جہاں سے انہیں راولپنڈی کے سی ایم ایچ اسپتال بھیجا گیا۔

پولیس کے مطابق راولپنڈی کے سی ایم ایچ اسپتال میں زیر علاج فرحان خان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

پولیس نے نامعلوم ملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی ہے جبکہ فرحان خان کے اہلہ خانہ کی جانب سے ملزم کو گرفتار کرکے سخت کارروائی کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں