انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) فرنچائز سن رائزرز حیدرآباد نے آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز کو 2024 سیزن کے لیے کپتان مقرر کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور دہلی کیپیٹلز کی جانب سے کھیلنے والے کمنز ایک سیزن کی غیر موجودگی کے بعد آئی پی ایل میں واپسی کر رہے ہیں کیونکہ انہوں نے 2023 میں بھاری بین الاقوامی شیڈول کا انتظام کرنے کے لئے ٹورنامنٹ میں شرکت نہیں کی تھی۔
اس 30 سالہ کھلاڑی کو دسمبر میں کھلاڑیوں کی نیلامی میں حیدرآباد نے 2.46 ملین ڈالر میں خریدا تھا اور ہم وطن مچل اسٹارک کو پیچھے چھوڑنے سے پہلے آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی کا ریکارڈ اپنے نام کیا تھا۔
کمنز کو جنوبی افریقہ کے ایڈن مارکرم کی جگہ کپتان مقرر کیا گیا ہے۔
2023 میں پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے رہنے والی حیدرآباد کی نئی مہم 23 مارچ کو کولکاتا کے خلاف شروع ہوگی۔


















