وزیراعظم شہباز شریف نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے پر جیولین تھرور ارشد ندیم کو 25 لاکھ روپے انعام دے دیا۔
ارشد ندیم نے وزیراعظم ہاؤس میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ کم وسائل ہونے کے باوجود ورلڈ چیمپیئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنا قابل فخر ہے۔
وزیر اعظم نے ارشد ندیم سے کہا کہ آپ کی محنت اور لگن نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ جیولین تھرو کے کھیل کی ترویج کے لیے ارشد ندیم کی خدمات قابل قدر ہیں، پاکستان میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، اسے نکھارنےکی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ ورلڈ اور اولمپک چیمپئن بھارتی جیو لین تھرور نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کے حق میں آواز بلند کردی۔
بھارت کے چیمپئن کھلاڑی نیرج چوپڑا نے ایک انٹریو میں کہا کہ ارشد ندیم کو جیولین کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور میں یہ یقین کرنے کے لیے بالکل بھی تیار نہیں ہوں کیوں کہ وہ جس کلاس کے ایتھلیٹ ہے، ان کے لیے یہ کوئی مسئلہ ہونا نہیں چاہیے۔
نیرج چوپڑا نے کہا کہ پاکستانی حکومت ارشد ندیم کی ضروریات کو دیکھ سکتی ہے اور سپورٹ کر سکتی ہے، میری حکومت بھی میری سپورٹ کر رہی ہے۔


















