دبئی میں ہونیوالے کراٹے کامبیٹ مقابلوں میں پاکستان نے بھارت کو 1-2 سے شکست دے دی۔
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ مقابلوں میں پاکستان نے بھارت کو 1-2 سے شکست دے دی۔
کراٹے کومبیٹ 45 میں پاک بھارت مقابلے کیلئے پہلی فائٹ پاکستان کے رضوان علی اور انڈیا کے پوون گپتا کے درمیان ہوئی۔ فائٹ کے دوران پاکستانی کھلاڑی نے حریف فائٹر کو ابتدا ہی میں ناک آؤٹ کردیا۔
دوسری فائٹ کے لیے ہمانشو کوشک سے مقابلہ کیلئے علومی کریم کی جگہ فیضان خان ایرینا میں آئے۔ علومی کریم ویٹ برابر نہ ہونے کی وجہ سے فائٹ میں شرکت سے محروم رہے۔
فیضان نے بھارتی حریف سے مقابلہ تو خوب کیا لیکن وہ اس کو زیر کرنے میں ناکام رہے یوں مقابلہ ایک ایک سے برابر ہوگیا۔ فیصلہ کن معرکے کیلئے پاکستان کے کپتان شاہ زیب رند اور انڈیا کے رانا سنگھ میدان ایرینا میں اترے۔
شاہ زیب نے فائٹ کے آغاز میں ہی رانا سنگھ پر پے درپے وار کیے اور انہیں اتنا بے بس کردیا کہ وہ ایک کونے میں دبک گئے اور کافی دیر اٹھ نہ سکے یوں انڈین فائٹر شاہ زیب کے خلاف ٹیکنیکل ناک آؤٹ قرار پائے۔


















