قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے سابق کپتان شاہین آفریدی نے مختصر فارمیٹ میں اہم ترین اعزاز اپنے نام کرلیا۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں منفرد کارنامہ سر انجام دے دیا۔ گزشتہ روز پاکستان نے پانچویں ٹی ٹوئنٹی میچ میں نیوزی لینڈ کو 9 رنز سے شکست دے کر 5 میچوں کی سیریز 2-2 سے برابر کر دی۔
پاکستان نے کیویز کو 179 رنز کا ہدف دیا جس کے جواب میں مہمان ٹیم 169 رنز ہی بناسکی ، اس دوران شاہین آفریدی نے 4 وکٹیں حاصل کرکے مین آف دی میچ کا اعزاز اپنے نام کیا۔
نیوزی لینڈ کی اننگز میں شاہین شاہ آفریدی نے ایک بار پھر پہلے اوور میں وکٹ لی، انہوں نے کیوی بیٹر ٹام بلنڈل کو بولڈ کیا۔ اس وکٹ کے ساتھ شاہین آفریدی نے ٹی ٹوئنٹی میں منفرد کارنامہ سر انجام دیا، انہوں نے ٹی ٹوئنٹی میں پہلے اوور میں مجموعی طور پر 50 وکٹیں مکمل کرلیں، وہ یہ سنگ میل عبور کرنے والے پہلے بولر ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی میں پہلے اوور میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست میں بھارت کے بھووینشور کمار کا دوسرا نمبر ہے۔ انہوں نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر میں مجموعی طور پر 43 وکٹیں پہلے اوور میں لیں۔


















