قومی ٹیم کے سابق کپتان یونس خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ورلڈکپ میں 200 رنز کرنا ہوں گے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کو واحد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جتوانے والے سابق کپتان یونس خان نے رواں سال امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے حوالے سے پاکستانی ٹیم کو مفید مشورے دیے۔
انہوں نے کہا کہ اب ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں 200 رنز کریں گے تو میچ بچانے کی پوزیشن میں ہوں گے، کیوں کہ اب 170 رنز بنانے والا فامولہ نہیں چلتا۔
یونس خان کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو پاور پلے میں بھی تیز رفتاری سے اسکور بنانا ہوں گے اور اس کے لیے بابر اعظم ، فخر زمان اور رضوان کو اپنے گیئر تبدیل کرنا ہوں گے، اور اگر مڈل اوور میں بھی رنز کی رفتار ٹھیک رہے 200 رنز بنانا کوئی مشکل کام نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں سابق کپتان نے کہا کہ ٹیم لیڈر کو آؤٹ آف باکس سوچنا ہوگا اور ساتھ ساتھ کھلاڑیوں کو بھی اپنے کمفرٹ زون سے باہر نکلنا ہوگا، آپ کو ہر نمبر پر بیٹنگ اور ہر جگہ بولنگ کے لیے تیار رہنا چاہیے۔


















