سابق کھلاڑیوں کی جانب سے کوچنگ سے انکار پر جے شاہ کا ردعمل سامنے آگیا۔
بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے ٹیم کی کوچنگ کے لیے آسٹریلوی کرکٹرز سے رابطوں کی خبروں پر بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ کا رد عمل آگیا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جے شاہ نے کوچنگ کے لیے آسٹریلوی کھلاڑیوں کے ساتھ رابطوں کی تردید کردی۔
رپورٹس کے مطابق بی سی سی آئی کے سیکریٹری نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ نے سابق آسٹریلوی کھلاڑیوں کے ساتھ کوچنگ کے لیے رابطہ کیا، بھارتی ٹیم کے لیے بہترین کوچ کی تلاش ایک محتاط اور لمبی مشق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم ان افراد پر فوکس کررہے ہیں جو بھارتی کرکٹ کے ڈھانچے کو سمجھتے ہیں، یہ بڑا اہم ہے کہ ٹیم کے کوچ کو ڈومیسٹک کرکٹ کے فریم ورک کا گہرا علم ہو لہٰذا بھارتی ٹیم کا نیا کوچ بھارتی ہو سکتا ہے۔
خیال رہے کہ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ کے بعد زمبابوے کے سابق کرکٹر اینڈی فلاور نے بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کرنے سے انکار کردیا۔
آسٹریلیا کے کامیاب ترین کپتان رکی پونٹنگ نے انکشاف کیا ہے کہ انڈین پریمیئر لیگ کے دوران بھارتی کرکٹ بورڈ نے انہیں بھارت کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کی پیشکش کی تھی تاہم انہوں نے یہ آفر ٹھکرادی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ رکی پونٹنگ کے بعد زمبابوے کے سابق کھلاڑی اینڈی فلاور کو مضبوط امیدوار تصور کیا جارہا تھا تاہم انہوں نے بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ میں دلچسپی نہیں لی۔
بعد ازاں سابق آسٹریلوی کرکٹر جسٹن لینگر نے بھی بھارتی ٹیم کی کوچنگ میں عدم دلچسپی کا اظہار کردیا۔


















