پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قوم سے اپیل کہ ہے کہ وہ قومی ٹیم کو ایک ماہ تک تنقید کا نشانہ نہ بنائیں۔
دورہ انگلینڈ میں موجود پاکستان کرکٹ ٹیم آج چوتھے اور آخری ٹی ٹوئنٹی میں انگلینڈ کے خلاف میچ کھیلے گی، سیریز کے دو میچ بارش کے نذر ہوچکے ہیں جب کہ ایک میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دی تھی۔
لندن میں موجود قومی ٹیم کے اعزاز میں پاکستانی ہائی کمشنر کی جانب سے پاکستان ہاؤس برطانیہ میں تقریب کا اہتمام کیا گیا۔
تقریب میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی، اس کے علاوہ میئر لندن صادق خان اور پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر جین میریٹ سمیت دیگر لوگ بھی موجود تھے۔
تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ قومی ٹیم ایک میچ ہار جائے تو پوسٹ مارٹم ہوتا ہے، ٹی20 ورلڈکپ کے دوران پاکستانی ٹیم پر تنقید نہ کریں بلکہ اپنی ٹیم کا ساتھ دیں۔
محسن نقوی نے عوام سے قومی ٹیم کو سپورٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مجھے امید ہے کہ قومی ٹیم چار ہفتے بعد فائنل میں ہوگی، آنے والا مہینہ بہت اہم ہے، اس میں اپنی ٹیم کی بھرپور حوصلہ افزائی کریں۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ قومی ٹیم کے دماغ میں ایک بات ہو کہ قوم ہمارے ساتھ ہے تو وہ یہ ورلڈکپ جیت جائے گی۔


















