پاکستان کے سابق کھلاڑی اور کوچ انتخاب عالم کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹر ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کو بہتر چلا سکتا ہے۔
بول نیوز کے پروگرام ’تبدیلی‘ میں سینئیر تجزیہ نگار اور اینکر پرسن ڈاکٹر دانش کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کوچ انتخاب عالم کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ کو سابق کرکٹر ہی بہتر چلا سکتا ہے۔
پہلی ہی بال پر وکٹ لینے والے ماضی کے کھلاڑی اور سابق کوچ و مینجر انتخاب عالم نے کہا کہ پی سی بی کے ارباب اختیار لانگ ٹرم پالیسی پریقین نہیں رکھتے، کرکٹ بورڈ کا چیئرمین 3 سال کے لئے ہونا چاہیے اور چیئرمین کے عہدے میں تسلسل رہنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ میں 6 ممبرز سابق کرکٹرز ہونے چاہئیں، سابق کرکٹربورڈ کوبہترچلاسکتےہیں، ہمیں بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانا ہو گا۔
قومی ٹیم کی مسلسل خراب کارکردگی پر ڈاکٹر دانش کے ایک سوال کے جواب میں انتخاب عالم نے کہا کہ ٹیم میں 15 اضافی لوگ کس لئے ہیں؟ ٹیم کے ساتھ اتنے زیادہ لوگ لے جانے کی ضرورت نہیں، پہلے صرف کھیل کا جذبہ اور وطن کی محبت ہوتی تھی۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ میں جوئے کی وبا ہر جگہ پھیلی ہوئی ہے، سنیل گواسکر کا تجزیہ ٹھیک ہوتا ہے۔


















