Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیت کر قوم کو خوشیاں دینا چاہتے ہیں، بابراعظم

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان کے لیے ٹرافی لینا ان کا خواب ہے اور وہ یہ ورلڈکپ جیت کر قوم کو خوشیاں دینا چاہتے ہیں۔

پی سی بی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کھیلنے کے لیے پرجوش ہوں اور ورلڈکپ میں ٹیم کی نمائندگی کرنا کسی بھی کھلاڑی کا سب سے بڑا مقصد ہوتا ہے۔

قومی وائٹ بال ٹیم کے کپتان کا کہنا تھا کہ پچھلے ورلڈکپ میں ہم سیمی فائنل اور فائنل تک پہنچ کر ٹرافی حاصل نہیں کرسکے، ہماری امید ہمیشہ ٹرافی جیتنے کی ہوتی ہے اور اس بات اس کے لیے ہمیں ہر ٹیم کے خلاف اچھی کرکٹ کھیلنا ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پچھلے دونوں ورلڈکپ میں ہماری کارکردگی اچھی تھی لیکن بدقسمتی سے ہم ٹرافی نہیں لاسکے، لیکن اس بار ہم نے وہ غلطیاں نہیں دہرانی ہیں۔

بابراعظم کا کہنا تھا کہ اگر ہم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتنا ہے تو متحد ہوکر کھیلنا ہوگا اور ایونٹ میں ہر ٹیم کو ہرانا ہوگا، اگر ہم مثبت کرکٹ کھیلیں گے تو نتائج بھی ہمارے حق میں آئیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بطور کھلاڑی اور کپتان بہت کچھ حاصل کرلیا ہے، اب پاکستان کے لیے آئی سی سی ٹرافی لانا چاہتا ہوں اور یہ خواب ابھی ادھورا ہے جو انشااللہ اس ورلڈکپ میں پورا ہوگا۔

پاک بھارت ٹاکرے سے متعلق سوال پر قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ سب کی نظریں اس میچ پر ہوتی ہیں جس کی وجہ سے دباؤ بھی ہوتا ہے لیکن ہم میچ پر فوکس کرکے اچھے نتائج حاصل کریں گے۔

واضح رہے پاکستان کرکٹ ٹیم اپنا پہلا میچ 6 جون کو امریکا کے خلاف کھیلے گی اور  پاکستان کا دوسرا میچ اور میگا ایونٹ کا سب سے بڑا پاک بھارت ٹاکرا 9 جون کو نیویارک میں ہوگا۔

متعلقہ خبریں