سابق کپتان سلیم ملک نے الزام عائد کیا ہے کہ بھارت کے خلاف عماد وسیم نے جان بوجھ کر سست بیٹنگ کی۔
پاکستنا کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بطور بیٹسمین اگر کسی سے رنز نہیں بنتے تو وہ یا آؤٹ ہوجاتا ہے یا سامنے والے کو موقع دیتا، یا پھر کم از کم کوشش تو ضرور کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل کے میچ میں ہمیں ایسا دکھائی نہیں دیا، عماد وسیم نے ہرممکن کوشش کی کہ وہ آؤٹ بھی نہ ہو جس کی وجہ سے بعد میں رنز کا ایوریج بڑھ گیا اور پاکستان ہدف حاصل نہ کرسکا۔
قومی ٹیم کے سابق کپتان کا کہنا تھا کہ عماد وسیم پی ایس ایل کے بعد کہیں پر بھی کرکٹ نہیں کھیلا جس کی وجہ سے وہ میچ کے دوران وہ مسلسل گیندیں ضائع کرتا رہا، پورا اوور کھیلنے کے بعد آخری میں سنگل لے کر سامنے چلا جاتا۔
سلیم ملک نے عماد وسیم کو اوپر بھیجنے کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کس بنیاد پر عماد کو جلدی بیٹنگ کے لیے بھیجا گیا، جب افتخار پیچھے موجود تھا، اگر کوئی ان فارم بلے باز کو بھیجا جائے تو بات سمجھ آتی ہے مگر یہاں تو نقصان ہوا۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے دوران گزشتہ روز نیویارک میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 120 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم پاکستانی کھلاڑی سست بیٹنگ کی وجہ سے مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔


















