پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں بھارت کے خلاف میچ میں شکست کی وجہ سست بیٹنگ کو قرار دیا۔
امریکا کے شہر نیویارک میں ہونے والے پاک بھارت ٹاکرے میں پاکستان کو جیت کے لیے 120 رنز کا ہدف ملا لیکن آسان ہدف کے باوجود پاکستانی بیٹنگ لائن ہدف کا تعاقب کامیابی سے نہ کرسکی اور 6 رنز سے میچ ہارگئی۔
شکست کے بعد گفتگو کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف ہماری بیٹنگ لائن مکمل ناکام ثابت ہوئی، بیٹسمینوں نے زیادہ ڈاٹ بالز کھیلیں جس کا نقصان ہمیں آخر میں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے ہدف کے تعاقب کے لیے بہت آسان پلان بنایا لیکن اس پر عمل نہیں کرسکے، بلے باز پاور پلے کا بھرپور استعمال نہ کرسکے اور بہت زیادہ ڈاٹ بالز کھیلیں۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا ٹارگٹ تھا کہ پاور پلے میں 40 سے 45 رنز بنائیں گے لیکن میری وکٹ گرنے کے بعد وہ نہ ہوسکا اور آخر کے 10 اوورز میں بھی بہت ڈاٹ بالز کھیلی گئیں جو شکست کی وجہ بنی۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ 2024 کے دوران گزشتہ روز نیویارک میں بھارت نے پاکستان کو جیت کے لیے 120 رنز کا ہدف دیا تھا، تاہم پاکستانی کھلاڑی سست بیٹنگ کی وجہ سے مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
بھارت سے شکست کے بعد پاکستان کی سپرایٹ مرحلے میں رسائی تقریباً ناممکن ہوگئی ہے، قومی ٹیم 11 جون کو کینیڈا اور 16 جون کو آئرلینڈ سے مدمقابل ہوگی۔


















