Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی پہلی فتح، کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں آخرکار پاکستان نے فتح کا مزہ چکھ لیا، قومی ٹیم نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دی۔ 

نیویارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کینیڈا پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستانی بولرز کی نبی تلی بولنگ کے باعث مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹ کے نقصان پر صرف 106 رنز بناسکی۔ پاکستان نے مطلوبہ ہدف 17.3 اوورز میں 3 وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے صائم ایوب اور محمد رضوان نے اننگز کا آغاز کیا، صائم 6 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے، بابراعظم اور محمد رضوان نے 63 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

بابراعظم نے ایک بار پھر وہی غلطی دہرائی، بھارت کے خلاف میچ کی طرح اس بار بھی انہوں نے لیٹ کٹ مارنے کی کوشش کی اور وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے، بابر 33 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ محمد رضوان آخر تک وکٹ پر موجود رہے اور وہ 53 رنز پر ناقابل شکست رہے۔

کینیڈا کی جانب سے ڈیلن ہیلیگر نے 2 وکٹیں حاصل کیں اور ایک وکٹ جیریمی گورڈن کے حصے میں آئی۔

اس سے قبل پاکستانی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے کینیڈا کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

کینیڈا کی جانب سے ایرون جانسن اور نونیت دھالیوال نے اننگز کا آغاز کیا تاہم دھالیوال تیسرے ہی اوور میں 4 رنز بناکر محمد عامر کا شکار بن گئے۔

کینیڈا کی جانب سے ایرون جانسن نمایاں بلے باز رہے، جنہوں نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے نصف سنچری بنائی، وہ 44 گیندوں پر 52 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جس میں 4 چھکے اور 4 چوکے شامل تھے۔

دیگر کھلاڑیوں میں پرگت سنگھ 2، نکولاس کرٹن ایک، شریئس موا 2، رویندر پال سنگھ صفر، کپتان سعد بن ظفر 10 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جب کہ کلیم ثنا 13 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے محمد عامر اور حارث رؤف نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

قومی ٹیم:

صائم ایوب، محمد رضوان، بابراعظم (کپتان)، فخرزمان، عثمان خان، شاداب خان، عماد وسیم، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد عامر

کینیڈا ٹیم: 

ایرون جانسن، نونیت دھالیوال، پرگت سنگھ، نکولاس کرٹن، شریئس موا، رویندر پال سنگھ، سعد بن ظفر (کپتان)، ڈیلن ہیلیگر، کلیم ثنا، جنید صدیقی، جیریمی گورڈن

واضح رہے کہ پاکستان کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے ابتدائی دونوں میچوں میں شکست ہوئی تھی۔

 

متعلقہ خبریں