ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 میں آئرلینڈ اور امریکا کے درمیان گروپ اے کا میچ بارش اور ویٹ آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے نہیں ہوسکا، میچ منسوخ ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔
آئرلینڈ اور امریکا کو ایک ایک پوائنٹ ملنے سے امریکا کے 5 پوائنٹس ہوگئے اور بھارت کے بعد امریکا نے بھی سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرلیا جب کہ ورلڈکپ میں پاکستان کا سفر ختم ہوگیا اور وہ اب 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف اپنا آخری میچ کھیلے گا۔
اس سے قبل امریکی شہر میں فلوریڈا میں گزشتہ کئی دنوں سے مسلسل بارش کی وجہ سے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ فلوریڈا میں ہونے والے تمام میچز کے متاثر ہونے سے پہلے ہی آگاہ کردیا گیا تھا۔
آج گروپ اے کی ٹیموں آئرلینڈ اور امریکا کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 7 بجے شروع ہونا تھا، تاہم فلوریڈا میں صبح سے بارش تو نہیں ہوئی لیکن پچھلے کئی دنوں سے ہونے والی بارشوں کے باعث گراؤنڈ بہت زیادہ گیلا تھا جسے خشک کرنے کی کوشش کی گئی۔
آئی سی سی کے امپائرز پاکستانی وقت کے مطابق 10:15 بجے گراؤنڈ کا معائنہ کیا لیکن انہوں نے کلیئرنس نہیں دی، تاہم وقت گرزنے کے ساتھ ساتھ اوورز کم ہوتے جارہے تھے۔
بعد ازاں ، امپائرز کی جانب سے آخری بار 11 بجکر 30 منٹ پر گراؤنڈ کا معائنہ کیا گیا اور میچ کو منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔
خیال رہے کہ پاکستان نے ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا پہلا میچ امریکا کے خلاف کھیلا تھا، جس میں پاکستان کو سپر اور میں شکست ہوئی تھی۔
اگلے میچ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو صرف 120 رنز کا ہدف دیا لیکن قومی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پاکستان کو 6 رنز سے شکست ہوگئی۔
ابتدائی دو میچوں میں شکست کے بعد پاکستان کا سپر ایٹ میں پہنچنے کا امکان اگر مگر کی صورتحال اختیار کرچکا تھا اور پاکستان کو اپنے اگلے دونوں میچ جیتنا اور امریکا کو دونوں میچ ہارنا تھے لیکن اس بار قدرت کا نظام بھی پاکستانی ٹیم کے حق میں نہیں آیا اور آج کے میچ میں بارش کے باعث پاکستان ایونٹ سے باہر ہوگیا۔


















