چین کے مداحوں نے سنگاپور کے گول کیپر کو شاندار گول کیپنگ پر شکریہ کے طور پر رقم بھیج دی۔
منگل کو سیئول میں جنوبی کوریا کے ہاتھوں 0-1 کی شکست کے بعد چین کی 2026 کے ٹورنامنٹ کے لئے ایشین کوالیفائنگ کے آخری مرحلے میں پہنچنے کی امیدیں بہت کم ہو گئیں تھی۔
اس کے بعد تھائی لینڈ کو سنگاپور کو بنکاک میں تین گول سے شکست دے کر گروپ سی میں چین کے بعد دوسرے نمبر پر جانا تھا جس کے نتیجے میں چین مقابلے سے باہر ہو جاتا۔
تھائی لینڈ نے سنگاپور کو 3-1 سے شکست دی تھی لیکن چین 40 سالہ گول کیپر حسن کی شاندار گول کیپنگ کی بدولت ورلڈ کپ کوالیفائنگ راؤنڈ سے باہر ہونے سے بچ گیا۔
سنگاپور کے گول کیپر حسن سنی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کوالیفائنگ میچ میں تھائی لینڈ کے خلاف 11 یقینی گول بچانے پر انہیں چینی فٹ بال شائقین سے رقم ملی ہے۔
حسن نے سنگاپور کے سرکاری نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ان کے زیر انتظام کھانے کے اسٹال سے ادائیگی کے کیو آر کوڈ کی ایک تصویر آن لائن گردش کر رہی ہے جسے شائقین رقم منتقل کرنے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔
حسن نے یہ نہیں بتایا کہ انہیں کتنی رقم بھیجی گئی ہے لیکن ان کا کہنا تھا کہ میرے خیال میں اس رقم سے ہم کسی سیاحتی مقام پر جا سکتے ہیں۔


















