پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں میں اتحاد کی کمی ہے اور انہیں اس بات کا علم ہی نہیں کہ کب کون سی شارٹ کھیلنی ہے۔
امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے پہلے ہی مرحلے سے باہر ہونے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے کھلاڑیوں کو کھری کھری سنادی۔
گیری کرسٹن نے بھارت اور امریکا سے شکست اور آئرلینڈ اور کینیڈا جیسی کمزور ٹیموں سے بمشکل فتح پر مایوسی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی فٹنس لیول پر بھی سوال اٹھادیا۔
قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ ہمارا فٹنس لیول معیاری نہیں، اور جدید کرکٹ میں دیگر ٹیموں سے بہت پیچھے ہیں، ہمیں اپنی اسکلز بڑھانی ہوں گی، اتنی کرکٹ کھیلنے کے باوجود کھیل سے آگاہی نہیں،کون سا شاٹ کب کھیلنا ہے کسی کو علم نہیں۔
گیری کرسٹن نے ٹیم کے اتحاد پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب سے آیا ہوں یہی نوٹ کیا ہے کہ اس ٹیم میں اتحاد نہیں ہے، کوئی کھلاڑی کسی کو سپورٹ نہیں کرتا، کئی ٹیموں کے ساتھ کام کر چکا ہوں ایسی صورتحال نہیں دیکھی۔


















