بنگلہ دیش میں گزشتہ ایک ماہ سے جاری پرتشدد مظاہروں کی وجہ سے آئی سی سی نے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ متحدہ عرب امارات منقتل کر دیا ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیف ایگزیکٹو ایلرڈائس نے تصدیق کی ہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ ورلڈ کپ کی میزبانی کے حقوق برقرار رکھے گا۔
آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹیو جیف ایلرڈائس نے ایک بیان میں کہا کہ بنگلہ دیش میں ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ کی میزبانی نہ کرنا شرم کی بات ہے کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) نے ایک یادگار ایونٹ کا انتطام کیا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ میں بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے بنگلہ دیش میں ایونٹ کی میزبانی کے لیے تمام راستے تلاش کیے لیکن شرکت کرنے والی متعدد ٹیموں کی حکومتوں کی جانب سے ٹریول ایڈوائزری کا مطلب یہ تھا کہ یہ ممکن نہیں تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ بنگلہ دیش میزبانی کے حقوق برقرار رکھیں گے۔ ہم مستقبل قریب میں آئی سی سی کے عالمی ایونٹ کو بنگلہ دیش لے جانے کے منتظر ہیں۔
واضح رہے کہ جولائی اور اگست کے اوائل میں بنگلہ دیش میں حکومت مخالف مظاہروں کے بعد آئی سی سی کو اس مقام کو تبدیل کرنا پڑا۔


















