بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2025 کو مکمل طور پر ہائبرڈ ماڈل پر منتقل یا پھر پاکستان سے میزبانی واپس لیے جانے کا امکان ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کے کامیاب انعقاد کے دعووں کو ایک نیا دھچکا لگا ہے، جب سری لنکا اے ٹیم نے پاکستان میں سیاسی بے چینی کی وجہ سے پاکستان اے کے خلاف اپنے بقیہ دو میچز نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، اس واقعے کے بعد 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان سے واپس لینے اور ایونٹ کو دیگر مقامات پر منتقل کرنے کا امکان بڑھ گیا ہے۔
بھارتی ذرائع ابلاغ پر مسلسل اس بات کا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے کہ سری لنکا اے کے میچز کا مختصر کیا جانا اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی اور سیاسی صورتحال کے پیش نظر عالمی کرکٹ بورڈز کو تحفظات لاحق ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے ایک ورچوئل اجلاس سے قبل سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق، ایونٹ کے دیگر شریک ممالک نے بھی سیکیورٹی خدشات کا اظہار کیا ہے، جس کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) ہائبرڈ ماڈل کے تحت چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پر رضامند ہو سکتا ہے۔
بھارتی میڈیا نے کہا کہ پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں تین دن تک سیکیورٹی لاک ڈاؤن رہا، کیونکہ بانی پی ٹی آئی کے حامیوں کی بڑی تعداد نے شہر کا محاصرہ کیا تھا اور پھر کریک ڈاؤن کے ذریعے دارالحکومت کو خالی کرایا گیا، یہ حالات اس بات کو مزید پیچیدہ بنا رہے ہیں کہ پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد ممکن ہو گا۔
بھارتی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی پاکستان سے چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے حقوق واپس لے سکتا ہے اور ایونٹ کو دیگر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کر سکتا ہے۔


















