Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

9ارب ڈالر سے زائد رقم متاثرین کی بحالی کیلئے غیبی مدد سے کم نہیں ہے، وزیراعظم

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں 9 ارب ڈالر سے زائد کی امداد پاکستان اور سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے کسی غیبی مدد سے کم نہیں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم نے شکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ امدادی رقم کی صورت میں اللہ نے پاکستان اور مصیبت زدہ عوام کے لئے بہتری کی راہ کھولی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی رقم ملنا موجودہ اتحادی حکومت پر دنیا کے اعتماد کا مظہر ہے، اس امانت کو دیانتداری سے تھرڈ پارٹی کے ذریعے حقداروں تک پہنچائیں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم نے جنیوا میں پاکستانی وفد کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی کا سہرا پاکستان کی کابینہ کے ارکان، سفیروں اور دیگر حکام پر مشتمل ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے خلوص نیت سے کام کیا۔

یہ بھی پڑھیں: جنیوا کانفرنس کو کامیاب بنانے پر وزیراعظم عالمی برادری کے شکرگزار

شہباز شریف نے کہا کہ بیرونی سرزمین پر پاکستان کی جانب سے اتحاد کا مظاہرہ پوری دنیا نے خود دیکھا۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کو بھی ساتھ لے کر چلایا گیا اور ان کی حوصلہ افزائی کی گئی کہ وہ اپنا کیس پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ اب اصل چیلنج ان وعدوں کو عملی جامہ پہنانا ہے، کچھ رقوم ہمیں بجٹ میں معاونت فراہم کریں گی لیکن ایک بڑا حصہ منصوبوں کو دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی تکنیکی مہارت کو بڑھانا ہو گا اور ٹیم ورک کے اسی جذبے کے ساتھ زمین پر ڈیلیور کرنا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں؛ سیلاب سے پاکستان کو 30 ارب ڈالر کا نقصان ہوا، وزیراعظم

عالمی برادری کا پاکستان کے لیے 10ارب ڈالر کی امداد کا اعلان

سیلاب متاثرین کے لیے جنیوا میں ہونے والی ڈونر کانفرنس میں عالمی برادری نے پاکستان کے لیے اربوں ڈالر امداد کا اعلان  کردیا۔

عالمی اداروں اور ممالک نے پاکستان کو 10 ارب 57 کروڑ ڈالر امداد دینے کا اعلان کردیا جس میں اسلامی ترقیاتی بینک کے 4.2 ارب ڈالر اور عالمی بینک کے دو ارب ڈالر شامل ہیں۔

دوسری جانب سعودی عرب نے پاکستان کے لیے 1 ارب ڈالر امداد دینے کا اعلان کیا۔ امریکا کی جانب سے 100 ملین ڈالر کا اعلان کیا گیا۔ جرمنی پاکستان کو مزید 89 ملین یورو فراہم کرے گا اور چین کی طرف سے مزید 10 کروڑ ڈالر گرانٹ دینے کا اعلان سامنے آیا ہے جب کہ دیگر ممالک کی جانب سے بھی لاکھوں ڈالر دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں