Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

حج انتظامات کے سلسلے میں حکومتِ سعودی عرب کے شکرگزار ہیں، انیق احمد

وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا ہے کہ حج انتظامات کے سلسلے میں حکومتِ سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیر مذہبی امور انیق احمد کی پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف سعید المالکی اور رابطہ عالم اسلامی کے ریجنل ڈائریکٹر سعد الحارثی سے ملاقات ہوئی ہے۔

ملاقات میں آئندہ حج انتظامات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا  گیا۔

ملاقات میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی نے کہا کہ آنے والے حج کے دوران حجاج کی سہولتوں میں مزید اضافہ ہو گا، دنیا بھر سے صرف سات ممالک کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کیا گیا ہے اور پاکستان ان اولین ممالک میں شامل ہے۔

ریجنل ڈائریکٹر رابطہ عالم اسلامی سعد الحارثی نے بتایا کہ سیرت میوزیم اسلام آباد میں 8 ہزار سکوائر میٹر رقبے پر تعمیر کیا جائے گا ، اگلے ماہ اس کے سنگ بنیاد اور بروقت تعمیر کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیر مذہبی امور انیق احمد نے کہا کہ میرا حالیہ دورہ سعودی عرب انتہائی کامیاب رہا، امسال پاکستانی حجاج کو پہلے سے بہتر سہولتیں فراہم کریں گے، حج انتظامات کے سلسلے میں حکومتِ سعودی عرب کے شکرگزار ہیں۔

انیق احمد نے یہ بھی کہا کہ کراچی کو روڈ ٹو مکہ پراجیکٹ میں شامل کر لیا گیا ہے، اب کراچی سے روانہ ہونے والے عازمینِ حج کی سعودی امیگریشن اور کسٹم پاکستان میں ہی ممکن ہو سکےگا اور سعودی عرب پہنچنے پر عازمین کو مختصر وقت میں ان کی رہائش گاہوں کی جانب روانہ کیا جائے گا۔

وزیر مذہبی امور انیق احمد نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں مجوزہ سیرت میوزیم کا قیام ایک انقلابی قدم ہوگا، سیکرٹری جنرل رابطہ عالم اسلامی ڈاکٹر عبد الکریم العیسی 15 نومبر کو سیرت میوزیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

 

اگر آپ حالاتِ حاضرہ سے باخبر رہنا چاہتے ہیں تو ہمارے فیس بک پیج https://www.facebook.com/BOLUrduNews/ کو لائک کریں

ٹوئٹر پر ہمیں فولو کریں https://twitter.com/bolnewsurdu01 اور حالات سے باخبر رہیں

پاکستان سمیت دنیا بھر سے خبریں دیکھنے کے لیے ہمارے کو سبسکرائب کریں   اور بیل آئیکن پر کلک کریں

متعلقہ خبریں