Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

میانوالی: سی ٹی ڈی کی بڑی کامیابی، 6 دہشتگرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

سی ٹی ڈی اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ

میانوالی: سیکیورٹی اداروں کی بروقت کارروائی کے باعث میانوالی ایک بڑی دہشت گردی سے محفوظ رہا۔

چاپڑی کے علاقے میں چاپڑی ڈیم کے قریب کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا، تاہم کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کر دی۔

فائرنگ کے تبادلے میں 6 خطرناک دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ 8 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے ایک خودکش جیکٹ، 3 دستی بم، 6 ایس ایم جیز، 200 سے زائد گولیاں اور بارودی مواد برآمد کیا گیا ہے۔

سی ٹی ڈی نے فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ دہشت گرد پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں پر حملوں کی مکمل منصوبہ بندی کر چکے تھے، تاہم بروقت کارروائی سے بڑے نقصان سے بچاؤ ممکن ہوسکا۔

متعلقہ خبریں