پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہر سال 5 فروری کو بھارت کے زیرِ تسلط کشمیر کے خلاف یومِ یکجہتی کشمیر منایا جاتا ہے۔
یومِ یکجہتی کشمیر کا مقصد مظلوم کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار اور یہ پیغام ہے کہ بھارت کے خلاف جدوجہد میں پاکستان اور پاکستانی عوام ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایک سال قبل بھی یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مظفرآباد میں شرکت کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا دوٹوک اظہار کیا تھا۔
انہوں نے بھارت کو واضح پیغام دیا تھا کہ پاکستان اس کی عددی برتری کے دباؤ میں نہیں آئے گا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس موقع پر کہا تھا کہ پاکستان کشمیر کے معاملے پر مزید دس جنگیں لڑنے سے بھی دریغ نہیں کرے گا۔ ان کی قیادت میں پاکستانی افواج نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیا، جسے دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔
مزید پڑھیں: ورلڈ اکنامک فورم؛ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عالمی رہنماؤں کی توجہ کا مرکز بن گئے
آزاد کشمیر کے شہریوں کا کہنا ہے کہ گذشتہ سال یومِ یکجہتی کشمیر پر سپہ سالار کی مظفرآباد آمد سے مقبوضہ و آزاد کشمیر کے عوام کے حوصلے بلند ہوئے۔
شہریوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جرات مند قیادت پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس عزم کا اعلان کیا گیا تھا، وہ مئی 2025 میں عملی طور پر پورا کر دکھایا گیا۔
شہریوں کے مطابق مسلح افواج کی شاندار کامیابی سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن ہوا جبکہ مسئلہ کشمیر پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا واضح اور مضبوط مؤقف مظلوم کشمیریوں کے حوصلوں کو نئی جلا بخش رہا ہے۔



















