امریکا ایران جنگ بندی میں پاکستان کی ثالثی کو دنیا بھر میں سراہا جارہا ہے جس کے بعد پاکستان عالمی سطح پر سب سے زیادہ سرچ ہونےوالاملک بن گیا۔
یہ بڑھتی ہوئی دلچسپی بنیادی طور پر امریکا اور ایران کے درمیان 14 روزہ جنگ بندی میں پاکستان کے کلیدی سفارتی کردار کے باعث سامنے آئی ہے پاکستان کی ثالثی نے دونوں ممالک کو مذاکرات کی میز پر لانے میں اہم کردار ادا کیا جسے عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں مذاکرات کے لیے دونوں ممالک کو آمادہ کرنا پاکستان کی ایک بڑی سفارتی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے اس پیش رفت کے بعد دنیا بھر کے صارفین نے پاکستان کی خارجہ پالیسی اور سفارتی حکمت عملی میں غیر معمولی دلچسپی ظاہر کی۔
گوگل ٹرینڈز کے مطابق جنگ بندی سے متعلق تلاش میں 5000 فیصد سے زائد اضافہ دیکھنے میں آیا جبکہ شہباز شریف اور عاصم منیر سے متعلق سرچز میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ماہرین کے مطابق یہ صورتحال اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پاکستان کا عالمی سفارتی کردار مضبوط ہو رہا ہے اور بین الاقوامی معاملات میں اس کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ اگر پاکستان اسی طرح مؤثر سفارتکاری جاری رکھتا ہے تو وہ مستقبل میں بھی عالمی سطح پر ایک اہم ثالث کے طور پر ابھر سکتا ہے۔



















