میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے تیسرے روز بھی شہر میں نالوں کی صفائی کے جاری کاموں کا تفصیلی دورہ کیا اور مختلف مقامات پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔
میئر کراچی نے آئی آئی چندریگر روڈ کے قریب ریلوے کالونی میں سٹی نالے کا معائنہ کیا جہاں ان کے ہمراہ میونسپل کمشنر ابرار جعفر اور بلدیہ عظمیٰ کراچی کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہر کے ڈاؤن ٹاؤن کے قریب واقع یہ نالہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اسی لیے مون سون سے قبل اسے مکمل طور پر صاف کیا جا رہا ہے۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق نالوں کی صفائی کا کام بہترین انداز میں مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ دیگر ضروری انتظامات بھی بروقت مکمل کیے جائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ صفائی مہم 15 ستمبر تک جاری رہے گی اور اس عمل میں ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کو بھی مکمل معاونت فراہم کی جا رہی ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ وہ خود اس پورے عمل کی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ عوامی نمائندے بھی فیلڈ میں موجود رہ کر کام کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔



















