Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

وزیر اعظم کا بڑا تعلیمی فیصلہ، دانش یونیورسٹی پر کام تیز کر دیا گیا

دانش یونیورسٹی میں تدریسی عملے کی بھرتی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں دانش سکولوں اور دانش یونیورسٹی کے قیام سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں منصوبے کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکول اور دانش یونیورسٹی انتہائی اہم قومی اثاثہ ہیں اور یہ منصوبہ ملک کے روشن مستقبل کے لیے بہترین سرمایہ کاری ثابت ہوگا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا ٹیک کیمپس قائم کیا جائے جبکہ ملک بھر میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں دانش سکولوں کی تعمیر جلد از جلد مکمل کی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ دانش سکولوں کا ڈیزائن علاقائی ثقافت کے مطابق ہونا چاہیے اور تمام اداروں میں تدریسی و غیر تدریسی عملے کی بھرتی مکمل طور پر میرٹ پر کی جائے۔

اجلاس میں بریفنگ دی گئی کہ ملک بھر میں 27 دانش سکولوں اور اسلام آباد میں دانش یونیورسٹی کی تعمیر پر کام جاری ہے۔ دانش سکول کری اسلام آباد کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جہاں تدریس کا آغاز بھی ہو گیا ہے۔

مزید بتایا گیا کہ باغ، بھمبر، سلطان آباد، گانشے اور استور میں دانش سکولوں کی تعمیر آخری مراحل میں ہے جہاں اپریل 2027 سے کلاسز شروع ہونے کا امکان ہے۔

دانش یونیورسٹی میں تدریسی عملے کی بھرتی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے جبکہ یونیورسٹی میں 2027 سے کلاسز کے آغاز اور ملک بھر کے طلبہ کو میرٹ کی بنیاد پر داخلہ دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی اور منصوبے پر پیش رفت سے وزیراعظم کو آگاہ کیا گیا۔

متعلقہ خبریں