کراچی: شہر قائد میں جاری ڈاگ بائٹ مہم کے دوران ایک حیران کن واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں مبینہ طور پر ایک علاقے سے پکڑے گئے آوارہ کتوں کو دوسرے علاقے میں چھوڑ دیا گیا جب کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آنے کے بعد شہریوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔
سی سی ٹی وی فوٹیج کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں سے پکڑے گئے آوارہ کتوں کو گلشن غازی، بلدیہ ٹاؤن کے علاقے میں لاکر چھوڑا گیا۔ فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک سوزوکی گاڑی گلی میں آ کر رکتی ہے جس میں تین افراد سوار ہوتے ہیں۔
ویڈیو میں مزید دیکھا جاسکتا ہے کہ دو افراد گاڑی سے اترتے ہیں جن میں سے ایک سوزوکی کا ڈالا کھولتا ہے جب کہ دوسرا راڈ کی مدد سے پنجروں کے دروازے کھولتا ہے جس کے بعد سات آوارہ کتوں کو گلی میں چھوڑ دیا جاتا ہے۔
فوٹیج کے مطابق یہ واقعہ دن دہاڑے پیش آیا، اس وقت گلی میں دو بچے اور ایک راہ گیر بھی موجود تھے۔ آوارہ کتوں کو چھوڑے جانے کے بعد ایک بچہ خوفزدہ ہوکر فوراً وہاں سے دور ہٹ گیا۔
شہر میں آوارہ کتوں کی بڑھتی تعداد پہلے ہی شہریوں کے لیے باعث تشویش بنی ہوئی ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق کراچی میں روزانہ درجنوں شہری، خصوصاً بچے، آوارہ کتوں کے حملوں میں زخمی ہوتے ہیں۔
رواں سال اب تک 25 ہزار سے زائد شہری آوارہ کتوں کے کاٹنے کا شکار ہوچکے ہیں جب کہ گزشتہ سال 2025 کے دوران ایسے 29 ہزار سے زائد واقعات رپورٹ کیے گئے تھے۔ اسی سال ریبیز کے باعث 19 سے زائد شہری جان کی بازی بھی ہار گئے تھے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آنے کے بعد شہریوں نے متعلقہ اداروں سے واقعے کی تحقیقات اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔



















